یاَوَھَّابُ۔۔۔۔ اے بہت دینے والے:
یہ اسم جمالی ہے اور اس کے اعداد ۴ ہیں۔
غربت اور تنگی رزق کا حل
وہ شخص جو غربت اور تنگی رزق سے دوچار ہو یعنی خرچ زیادہ ہو اور آمدن بہت کم ہو اسے چاہیے کہ اس اسم کو روزانہ گیارہ سو مرتبہ صبح اور گیارہ سو مرتبہ شام کو ایک سو گیارہ دن تک پڑھے۔ اس کے علاوہ اس کے گھر والے بھی یہی اسم اسی طرح پڑھیں تو بہت جلد ان کی حالت بدل جائے گی۔ ذرائع آمدن میں ایک دم اضافے کے آثار پیدا ہوجائیں گے اور تھوڑے ہی عرصے میں اللہ تعالیٰ انہیں غنی کردے گا جب مقصد حل ہوجائے تو اس اسم کو ہمیشہ کیلئے بعد نماز فجر ایک ہزار مرتبہ پڑھتا رہے۔
کشادگی رزق برائے ادائیگی قرض
ایسا مقروض جس کے پاس ادائیگی قرض کیلئے رقم نہ ہو اور لینے والے بہت تنگ کرتے ہوں تو اسے چاہیے کہ بعد نماز جمعہ چند افراد اکٹھے کرے۔ اگر گھر والے ہوں تو زیادہ مناسب ہے اور پہلے گیارہ مرتبہ استغفار پڑھیں۔ اس کے بعد یَاوَھَّابُ یَارَزَّاقُ 41700 مرتبہ پڑھیں اس طرح تین جمعے تک یہ عمل کریں۔ اس کے بعد اگلے روز سے مقروض کو چاہیے کہ اس وظیفہ کو گیارہ ہزار مرتبہ روزانہ پڑھے اور اکتالیس دن تک پڑھتا رہے۔ اس کے بعد تین دن یہ وظیفہ نہ پڑھے اس میں استغفار ایک سو گیارہ مرتبہ روزانہ پڑھے۔ تین دن کے بعد پھر پہلے وظیفہ کو گیارہ ہزار مرتبہ روزانہ 41 دن تک پڑھے۔ انشاء اللہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔ اگر کوئی صورت پیدا نہ ہو تو اسی عمل کو دوبارہ کرے۔ انشاء اللہ پروردگار ایسی جگہ سےمالی مدد فرمائے گا کہ وہ سوچ بھی نہ سکتا ہوگا۔
0 comments:
Post a Comment
Thanks for your comments.